اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):سی ڈی اے کےانفورسمنٹ ونگ نے منگل کے روز اسلام آباد کے سیکٹر I-13 شمس کالونی میں پلاسٹک سے چلنے والے کارخانے کے مالکان کا چالان کرکے انھیں سینئر سپیشل مجسٹریٹ سی ڈی اے کی عدالت میں پیش کیا ۔
ان کارخانوں کا دھواں پورےعلاقے میں ماحولیاتی آلودگی کا سبب بن رہا تھا۔سینئر سپیشل مجسٹریٹ نے ملزمان کے کارخانوں کو فوری سیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملزمان کو قید و جرمانہ کی سزا سنائی اور حوالات میں بند کروا دیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کچھ روز قبل انفورسمنٹ، انوائرمنٹ اور سینی ٹیشن ونگ کو سختی سے ہدایات جاری کیں تھیں کہ اسلام آباد کے قدرتی مناظر کو ماحولیاتی آلودگی اور اسموگ سے پاک رکھنے کے لئے ذمہ داران کیخلاف فوری طور پر بلا تفریق آپریشن کیا جائے بصورت دیگر متعلقہ اہلکاروں کیخلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید برآں گرین ایریاز میں ریت بجری کے ٹھیے لگانے والے دو ملزمان کو بھی حراست میں لینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں قید و جرمانہ کی سزائیں اورحوالات میں بند کروا دیا گیا۔