راولپنڈی ۔25جنوری (اے پی پی):خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے فتنتہ الخوارج کے خلاف تین الگ الگ کارروائیوں میں 30 خوارج مارے گئے۔
ہفتہ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز نے ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے مقام پر موثر کارروائی کی جس کے نتیجے میں 18 خوارج جہنم واصل ہوئے جبکہ 6 خوارج زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ضلع کرک میں ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا،فائرنگ کے تبادلے کے دوران سیکیورٹی فورسز نے موثر طریقے سے 8 خوارج کو ہلاک کر دیا ۔ضلع خیبر کے علاقے باغ میں کی گئی تیسری کارروائی میں سیکیورٹی فورسز نے کامیابی سے 4 خوارج کو ہلاک کر دیا جن میں خارجی سرغنہ کے رہنما عزیز الرحمن ، قاری اسماعیل اور خارجی مخلص شامل ہیں جبکہ دو خوارج زخمی ہو گئے،
جو علاقے میں سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی سرگرم رہے،مارے گئے خارجی دہشتگردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا،علاقے میں پائے جانے والے کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کئے جارہے ہیں ،پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔