راولپنڈی۔1دسمبر (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں 29 نومبر سے یکم دسمبر تک دو مختلف کارروائیوں کے دوران 8 خوارج دہشت گردوں کو ہلاک اور 9 کو زخمی کردیا جبکہ ایک کیپٹن اور ایک سپاہی نے جام شہادت نوش کیا۔
اتوار کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر ضلع بنوں کے علاقے بکا خیل میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا ، سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 5 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ 9 خوارج زخمی ہوئے تاہم آپریشن کے دوران سپاہی افتخار حسین (عمر 29 سال، رہائشی ضلع جھنگ)نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ضلع خیبر کے علاقے شگئی میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز نے 3 خوارج دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا جبکہ 2 دہشتگرد پکڑ لئے گئے۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران کیپٹن محمد زوہیب الدین (عمر 25 سال، رہائشی ضلع لاہور ) جو آپریشن کی قیادت کر رہے تھےنے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
یہ خوارج سیکیورٹی فورسز کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے خلاف متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خوارجی کو ختم کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن کیا جارہا ہے ۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔