سیکیورٹی فورسز کی خیبر پختونخوا میں تین الگ الگ کامیاب کارروائیاں، 22 خوارج جہنم واصل اور6زخمی

141

راولپنڈی۔7دسمبر (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں6 اور7 دسمبر2024 کو تین الگ الگ کامیاب کارروائیوں کے دوران 22 خوارج کو جہنم واصل کر دیا اورہ 6 خوارج زخمی ہو گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع ٹانک کے علاقے گل امام میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔

آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر طریقے سے نشانہ بنایا اور اس کے نتیجے میں9 خوارج کو جہنم واصل کر دیا گیا اور 6 خوارج زخمی ہوگئے۔ ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کئے گئے ایک اور کامیاب آپریشن میں10 خوارج کوجہنم واصل کر دیا گیا۔

تیسرے مقابلے میں ضلع تھل میں سیکیورٹی فورسز نے چوکی پر حملہ کرنے کی خوارج کی کوشش ناکام بنا دی اور تین خوارج کو ہلاک کر دیا تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران دھرتی کے 6 بہادر سپوتوں نے دلیرانہ وار لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے خوارجی کے خاتمے کے لئے کلیئرنس آپریشن کیے جارہے ہیں کیونکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی اس طرح کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔