راولپنڈی۔20جولائی (اے پی پی):سیکیورٹی فورسز نے قلات میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 4 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق 19 اور 20 جولائی کی درمیانی شب سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جہاں بھارتی ایجنٹ تنظیم "فتنہ الہندوستان” کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع تھی۔آپریشن کے دوران، افواج نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایااور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد چار بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا۔
دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا،یہ دہشت گرد علاقے میں متعدد دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث رہے تھے۔علاقے میں مزید دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور قوم اس عزم کو دہراتی ہے کہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔