سی ای او بابر صاحب دین نے چیئرمین ملک بلال ذوالفقارکھوکھرکے ہمراہ بدوکی ماڈل ویلج پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا

76

لاہور۔8نومبر (اے پی پی):وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر شہروں اور دیہاتوں میں یکساں صفائی نظام کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔اس مقصد کے حصول کے لیے بدوکی گاوں کو ماڈل ویلج بنانے اور گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کیلئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے باقاعدہ تقریب کا انعقادکیا گیا، جس میں سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین نے چیئرمین ملک بلال ذوالفقار، ایم پی اے ملک انس کے ہمراہ بدوکی ماڈل ویلج پراجیکٹ کا افتتاح کیا۔بدوکی گاوں میں گھر گھر سے ویسٹ کولیکشن کیلئے 07 سینٹری ورکرز، 3 ہینڈ کارٹس، 01 چین آرم رول تعینات کر دئیے گئے جبکہ گاوں کو کوڑے سے صاف رکھنے کیلئے ڈولی کنٹینرز بھی رکھ دیئے گئے۔

دورانِ تقریب خطاب میں چیئرمین ملک بلال ذوالفقار کھوکھر اور ایم پی اے ملک انس نے ایل ڈبلیو ایم سی ورکرز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے شاباش دی، صفائی کے بہترین نظام کو برقرار رکھنے پر سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کے معترف ہونے کا اظہاربھی کیا۔ ایم پی اے ملک انس نے اس موقع پر رہائشیوں سے گفتگو میں کہا مریم نواز نے ووٹرز سے کئے وعدے پورے کر دیئے، اب ہر گلی، ہر گاوں چمکے گا۔مزید برآں بدوکی گاوں میں عوامی آگاہی کیلئے کیمپ لگا یاگیا اور گلی کوچوں میں صفائی برقرار رکھنے کیلئے اعلانات بھی کروائے گئے۔

سی ای او بابر صاحب دین نے رہائشیوں کے ہمراہ آگاہی واک کی اورگاوں میں قائم کردہ شکایات ڈیسک کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ستھرا پنجاب وژن پر عملی اقدامات پر بدوکی گاوں کے رہائشیوں نے مریم نواز کے حق میں نعرے بازی کی۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مرحلہ وار لاہور کی تمام یونین کونسلز کو ماڈل بنانے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔پہلے مرحلے میں 42 یونین کونسلز میں موجود دیہاتوں کو صفائی کے حوالے سے ماڈل بنایا جا رہا ہے۔ لاہوریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔