لاہور۔19نومبر (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر نے ڈائریکٹر کسٹمرسروسز محمد سرور مغل کے ہمراہ شیخوپورہ سرکل کا دورہ کیا۔چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر سے ایس ای شیخوپورہ، ایکسیئن سٹی، ایکسیئن رورل، ایکسیئن فاروق آباد، ایکسیئن مرید کے نے ملاقات کی۔ڈی ڈی ٹیز، آر اوز، ڈی سی ایمز اور شیخوپورہ سرکل کی تمام سب ڈویژن کے ایس ڈی اوز نے بھی انجینئر شاہد حیدر اور محمد سرور مغل سے ملاقات کی۔
اس موقع پر افسران کی جانب سے چیف ایگزیکٹو لیسکو کو سرکل میں جاری مرمتی کاموں، انسداد بجلی چوری مہم، ریکوری مہم اور لیسکو تنصیبات کے دیکھ بھال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ترجمان لیسکو کے مطابق افسران سے گفتگو کرتے ہوئے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کا کہنا تھا کہ صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور ان کے مسائل کا فوری حل لیسکو انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے تمام افسران و ملازمین کو اپنی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری کے ساتھ پوری کرنا ہوں گی۔