سی سی پی اولاہور کی زیر صدارت اجلاس، ماڈل ٹائون وکینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا

107

لاہور۔11جنوری (اے پی پی):سی سی پی اولاہوربلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا جس میں ماڈل ٹائون اور کینٹ ڈویژنز کی کارکردگی کاجائزہ لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سی سی پی او لاہور نے کرائم کنٹرول پر اظہارِ اطمینان اوربہترین کارکردگی کے حامل افسران و اہلکاروں کے لئے انعام کا اعلان کیا۔ بلال صدیق کمیانہ نے پتنگ بازی، ہوائی فائرنگ اور ون ویلنگ کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ پتنگ سازی اور دھاتی ڈور کی تیاری میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ سی سی پی او نے منشیات خصوصا آئس کی ریکوری اور قانونی کارروائی کی ضرورت پر زور دیا

اور کہا کہ تھانوں کے لاک اپ کی سکیورٹی مزید سخت کی جائے،مطلوب و اشتہاری مجرمان کی گرفتاری یقینی بنائی جائے ،ہوٹل مالکان کو مسافروں کے کوائف کا اندراج ہوٹل آئی ایپ میں کرنے کاپابند کیا جائے،انوسٹی گیشن ونگ زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس کے مختلف ونگز کوآرڈینیشن سے پیشہ وارانہ امور سر انجام دیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن)ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آپریشنز)فیصل کامران، ایس ایس پی (انوسٹی گیشن)محمد نوید،ایس ایس پی (ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی (آپریشنز)تصور اقبال ،ماڈل ٹائون اور کینٹ ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز،سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز(انوسٹی گیشن)نے شرکت کی۔