لاہور۔7اپریل (اے پی پی):سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ کیپٹل سٹی پولیس آفس کمپلینٹ سیل میں رواں سال3083درخواستیں موصول ہوئیں،2745 درخواستیں نمٹا دی گئیں، 338 پرکارروائی جاری ہے۔
پیر کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پورٹل سے موصول ہونے والی31درخواستوں میں سے30نمٹا دی گئیں۔مسائل کے حل کے لئے سی سی پی او آفس آنے والے1147درخواست گزاروں کی1000درخواستیں نمٹائی جا چکیں،147پر کارروائی کی جا رہی ہے۔بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی1905درخواستوں میں سے1715پر کارروائی عمل میں لائی جا چکی ہے،190پر کام جاری ہے۔
سی سی پی او لاہور نے کہا ہے کہ سی سی پی آفس میں قائم کمپلینٹ سیل عوام کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل مصروف عمل ہے۔کمپلینٹ سیل کے ذریعے عام آدمی کے محکمہ پولیس سے متعلقہ مسائل بلا تاخیر حل کئے جا رہے ہیں۔محکمہ پولیس کے عوام دوست اقدامات سے شہریوں کو ریلیف مل رہاہے۔پولیس تھانوں کے روایتی کلچر کو عوامی خدمت مراکز میں تبدیل کیا گیا ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پولیس افسران سائلین کو انصاف کی فوری فراہمی کے لئے اوپن ڈور پالیسی اپنائیں،بے وسیلہ، بزرگ شہریوں، معذور افراد اور خواتین کی درخواستوں پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کی جائے، شہریوں سے حسن سلوک کو اپنا شعار بنائیں۔سی سی پی اولاہورنے مزید کہا کہ مظلوم کی دادرسی اور انصاف کی فوری فراہمی ہماری اہم ذمہ داری ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=578977