لاہور۔4جولائی (اے پی پی):سی سی پی او لاہوربلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت کیپٹل سٹی پولیس ہیڈ کوارٹرزمیں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں زیر ِ التوا کیسز کے چالانوں کی بروقت تکمیل کےلئے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلال صدیق کمیانہ نے متعلقہ ڈی ایس پیز کو جلد سے جلد پینڈنگ چالان جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو روز میں پینڈینسی زیرو نہ کرنے کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
سی سی پی او نے کہا کہ محکمہ پولیس میں عدم دلچسپی، تساہل اور کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے پراسیکیویشن ڈیپارٹمنٹ کی کوآرڈینیشن سے زیر تفتیش مقدمات کوبرق رفتاری سے یکسو کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کیسز فوری چالان اور مقدمات یکسو کرکے مظلوم کو انصاف فراہم کریں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی(انوسٹی گیشن) ذیشان اصغر، ڈی آئی جی(آرگنائزڈ کرائم یونٹ) عمران کشور،ڈی آئی جی(آپریشنز) فیصل کامران، ایس ایس پی(انوسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ڈی ایس پیز انوسٹی گیشن، او سی یو اوراے وی ایل ایس نے شرکت کی۔