لاہور۔17فروری (اے پی پی):کیپیٹل سٹی پولیس آفیسرلاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہواجس میں پاکستان سپر لیگ سیزن 9کے میچوں کے پرامن انعقاد کیلئے سکیورٹی انتظامات اورزیر ِالتوا مقدمات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ہفتہ کو یہاں ہونے والے اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبائی دارالحکومت لاہورمیں پی ایس ایل سیزن 9 کے تحت9 میچز کھیلے جائیں گے جن کی سکیورٹی کیلئے7ہزار سے زائد افسران واہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔سی سی پی او نے کہا کہ لاہورپولیس پی ایس ایل میچوں کے جامع سکیورٹی پلان پرعمل پیرا اور ملکی وغیرملکی کرکٹرز و شائقین کوفول پروف سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔
بلال صدیق کمیانہ نے اس عزم کا اظہا کیا کہ پی ایس ایل میچز کے دوران شہر بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ رہے گی اور پرامن ومحفوظ ماحول میں میچوں کا انعقادیقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ لا اینڈآرڈر کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے سیف سٹی اتھارٹی و دیگر کنٹرول رومز کے ذریعے موثر مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ میچوں کے دوران ڈولفن فورس، سپیشل پروٹیکشن یونٹ اور ایلیٹ فورس کی ٹیمیں موثر پٹرولنگ کریں گی۔
سی سی پی او نے متعلقہ افسران کو پاکستان سپورٹس بورڈ، ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی اداروں سے مسلسل رابطے میں رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ سٹیڈیم، کھلاڑیوں کی رہائش اور روٹس کے سکیورٹی پلان پر اس کی روح کے مطابق عملدرآمد یقینی بنایاجائے،سٹیڈیم میں داخلے سے قبل ہر فرد کی تلاشی اور خواتین شرکا کی چیکنگ بذریعہ لیڈیز پولیس عمل میں لائی جائے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
سی سی پی او نے سینئر پولیس افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر حالات پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے زیر ِ التوا روڈ سرٹیفیکیٹس، بجلی چوری ، زیر ِ تفتیش مقدمات کو جلدیکسو کرنے اوراشتہاریوں و خاموش ملزمان کی گرفتاری کیلئے مربوط کریک ڈائون کی ہدایات بھی دیں۔
اجلاس میں ڈی آئی جی(آپریشنز)علی ناصر رضوی،ڈی آئی جی(انویسٹی گیشن)عمران کشور،ایس ایس پی(آپریشنز)سیدعلی رضا، ایس ایس پی(ایڈمن)عاطف نذیر، ایس ایس پی (انویسٹی گیشن)انوش مسعود چوہدری، ایس پی سکیورٹی اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔