سی ٹی او لاہور کی بے ہنگم ٹریفک ،غلط پارکنگ و تجاوزات کے خلاف سخت کریک ڈائون کی ہدایت

135
سی ٹی او لاہور کی بے ہنگم ٹریفک ،غلط پارکنگ و تجاوزات کے خلاف سخت کریک ڈائون کی ہدایت

لاہور۔13جون (اے پی پی):سٹی ٹریفک پولیس آفیسر لاہور عمارہ اطہر نے بے ہنگم ٹریفک ، غلط پارکنگ اور تجاوزات کے خلاف سخت کریک ڈائون کی ہدایت کردی۔ ترجمان ٹریفک پولیس لاہور کے مطابق سی ٹی اونے جمعرات کو مناواں لائنز میں منعقدہ تقریب’’ٹریفک افسران کے دربار‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بے ہنگم ٹریفک کے خاتمے کے لئے ڈویژنل افسران کو ٹاسک دے دیا گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ لین لائن ڈسپلن کے لئے ابتدائی طور پر 5 ماڈل روڈز جن میں مال روڈ،جیل روڈ،کینال روڈ،فیروز پور روڈ اور مین بلیوارڈ روڈ گلبرگ شامل ہیں سے کریک ڈائون کا آغاز کردیا گیا ہے جہاں پر زیروٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ غلط لین استعمال کرنے والی موٹرسائیکلوں اور ڈرائیور حضرات کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیا ہے جبکہ موٹرسائیکل سوار انتہائی بائیں لین استعمال کریں گے، سٹاپ لائن کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔

عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ غلط پارکنگ کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے ڈویژنل افسران کو تاجر برادری سے میٹنگ کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کارروائی بارے آگاہ کیا جائے ۔تقریب میں ایس پی سہیل فاضل، ایس شہزاد خان،ایس پی منیر ہاشمی کے علاہ تمام سرکل افسران، سیکٹر انچارجز نے بھی شرکت کی۔