پشاور۔ 30 مئی (اے پی پی):محکمہ انسداد دہشت گردی ضلع بنوں نے لکی مروت کےعلاقے ڈاڈیوالہ کی حدودنزدچوکی عباسیہ خٹک میں انٹیلی جنس آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) ٹیپو گل گروپ کے 2 اہم دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ۔
محکمہ انسداد دہشت گردی خیبر پختونخوا کے مطابق گزشتہ روزبعد از نمازمعرب مخبر کےاطلاع پر ڈی ایس پی لکی مروت کی زیرقیادت انٹیلی جنس ٹیم،ایس ایچ اوتھانہ سی ٹی ڈی بنوں نے بمعہ آپریشن ٹیم نفری کے ہمراہ علاقہ ڈاڈ یوالہ کےمقام پر انٹیلی جنس بیسڈآپریشن کیاتو وہاں پرپہلے سے موجود مسلح دہشت گردوں نے پولیس وسی ٹی ڈی آپریشن ٹیم پر فائرنگ شروع کر دی،جس پر پولیس نفری و سی ٹی ڈی آپریشن ٹیم نے بھی جوابی فائرنگ کے دوران2 دہشت گردہلاک جبکہ ان کے دیگر ساتھی فرار ہو گئے ۔
ہلاک ہونے والے 2 دہشت گردوں کی شناخت تنویرعلی عرف یاسرعرف اور فرقان عرف ناٹی کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ہلاک دہشت گردوں کے قبضہ سے 2عددکلاشنکوف، 8 عدد کلاشنکوف میگزین، 40 عددکارتوس، 2 عددبنڈولئیر اور4 عدد ہینڈگرنیڈبرآمد ہوئے۔مذکورہ دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے ٹیپوگل گروپ ضلع لکی مروت سے ہےجو سی ٹی ڈی اور مقامی پولیس کوبم دھماکوں،پولیس پرحملوں ،ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے۔ تھانہ سی ٹی ڈی بنوں میں دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔