لاہور۔11نومبر (اے پی پی):محکمہ انسدادِ دہشت گردی پنجاب(سی ٹی ڈی) نے صوبے کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد گرفتار کر لئے، ترجمان سی ٹی ڈی نے ہفتہ کو بتایاکہ دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر مختلف شہروں میں 179 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کئے گئے،
اس دوران ٹی ٹی پی کے اہم کمانڈر سمیت 5 دہشت گرد پکڑے گئے، دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں پاکپتن ، راولپنڈی ، بہاولپور اور ساہیوال میں کی گئیں، پاکپتن سے ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر ندیم پکڑا گیاجبکہ دیگر شہروں سے گرفتار کئے گئے دہشت گردوں کی شناخت شہباز، خالد، مدنی اور سلمان سعید کے ناموں سے ہوئی ، دہشت گرد اہم تنصیبات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے،
دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد،2 آئی ای ڈی بم، پرائماکارڈ ، 5 ڈیٹونیٹرز، 2ہینڈ گرنیڈ ، اسلحہ اور نقدی برآمد کر لی گئی، سی ٹی ڈی ترجمان نے مزید بتایا کہ رواں ہفتے 769 کومبنگ آپریشنز کے دوران 82 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے جبکہ کومبنگ آپریشنز میں 31ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ کی گئی، سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے ، دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں ۔