لاہور۔31مئی (اے پی پی):دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 415 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے ۔ ترجمان کے مطابق ان آپریشنز کے دوران 34دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایاکہ دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں لاہور، بہاولپور، ننکانہ صاحب ، راولپنڈی میانوالی،گوجرانوالہ،جہلم ،نارووال،قصور،فیصل آباد،پاک پتن، سرگودھا اور ساہیوال میں کی گئیں، بہاولپور سے ایک جبکہ لاہور سے 2 فتنہ الخوارج کے خطرناک دہشت گردوں کو دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے بتایاکہ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد،ہینڈ گرنیڈ ،1ڈیٹونیٹر ،18حفاظتی فیوز تار 51فٹ،ایک ای آئی ڈی بم ،9 پمفلٹس ، نقدی اور پرائمہ کارڈ برآمد کئے گئے۔ انہوں نے بتایاکہ دہشت گردوں کی شناخت محمد اشفاق،اسماعیل خان،نصیر اللہ ،ارشاد اللہ ،محمد ثاقب ،محمد اسجد ،محمد شعیب،عزیز اللہ ،محبوب شاہ ،غفران ،عطا محمد اورسلیمان معاویہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایاکہ دہشت گرد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حساس مقامات پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔انہوں نے بتایا کہ رواں ماہ کے دوران 5045کومبنگ آپریشنز کے دوران604مشتبہ افراد گرفتار کئے گئے جبکہ کومبنگ آپریشنز میں 209518افراد سے پوچھ گچھ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی نہ صرف محفوظ پنجاب کے اپنے ہدف پر عمل پیرا ہے بلکہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کےلئے بھی پرعزم ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603682