سی پیک تجارتی سرگرمیوں کے لئے گوادر پورٹ باقاعدہ کھول دیا گیا

145

گوادر۔ 13 نومبر (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) تجارتی سرگرمیوں کے لئے باقاعدہ کھول دیا گیا ‘چین سے پاکستان کنٹینروں کا قافلہ بحفاظت پہنچنے کے بعد پاکستان سے پہلا ٹریڈ کانوائے مشرق وسطی اور افریقی ممالک کے لئے گوادر پورٹ سے روانہ ہوگیا ‘کنٹینروں کے قافلے کے ساتھ پاک فوج اور دیگر سکیورٹی سے متعلق اداروں کی ایک بھاری نفری تھی‘وزیراعظم ‘آرمی چیف اور دیگر حکام کی موجودگی پر گوادر پورٹ پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے ‘ان علاقوں میں فضائی نگرانی بھی جاری رہی ۔اتوار کو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر پہلے ٹریڈ کانوائے کی افتتاحی تقریب گوادرپورٹ پر منعقد ہوئی ۔تقریب میں وزیراعظم محمد نواز شریف ‘چیئرمین چوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل راشد ‘پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف ‘مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹیننٹ جنر ل (ر) ناصر جنجوعہ ‘پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکاءاللہ ‘پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان ‘ایف ڈبلیو او کے ڈی جی میجر جنر ل محمد افضل ‘وزیراعلی بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری ‘وزیر دفاع خواجہ آصف ‘وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ترقی و اصلاحات احسن اقبال ‘وفاقی وزیر سرحدیں و ریاستی امور لیفٹیننٹ جنرل عبدالقادر بلوچ ‘جمعیت علماءاسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ‘وفاقی وزیر جہاز رانی و بندرگاہیں میر حاصل بزنجو کے علاوہ متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے سفیروں کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی ۔