اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے داخلہ عبدالرجمان کانجو نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) نہ صرف دونوں ممالک بلکہ خطے کے لئے گیم چینجر منصوبہ ثابت ہوگا،پاکستان اور چین کے مابین گہرے تعلقات ہیں جووقت کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں ۔
وہ منگل کو گلوبل پبلک سکیورٹی فورم کی پہلی کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت داخلہ عبدالرحمان کانجو نے کہا کہ سکیورٹی چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لئے گلوبل پبلک سکیورٹی فورم کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان عالمی فورمز پر ایک دوسرے کی غیر مشروط حمایت کرتے ہیں۔ وزیر مملکت داخلہ نے شرکا کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان میں چینی ماہرین اور شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔