پشاور۔ 16 اپریل (اے پی پی):وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم تورڈھیر نے کہا ہے کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ خیبر پختونخوا کے لیے ترقی اور صنعتی خوشحالی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور صوبائی حکومت اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے مکمل تیار ہے۔ اس منصوبے میں ان علاقوں کو ترجیح دی جائے جہاں سے یہ گزرتا ہے اور اس ضمن میں خیبرپختونخوا کو خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ وہ چائنہ ونڈو پشاورکے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں منعقدہ سی پیک انٹرنیشنل سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف ایک معاشی منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک مضبوط اور لازوال دوستی کا مظہر ہے۔
انہوں نے چائنہ ونڈو کی جانب سے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ پاک چین تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔معاون خصوصی نے کہا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں صنعتی زونز کے قیام اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے لیے حکومت نے ٹھوس اقدامات کیے ہیں اور رشکئی سپیشل اکنامک زون جیسے منصوبے اس کی ایک کامیاب مثال ہے۔ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا قدرتی وسائل، افرادی قوت اور جغرافیائی محل وقوع کے لحاظ سے سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین علاقہ ہے اور وہ چینی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ یہاں آئیں، سرمایہ کاری کریں اور نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں۔
انھوں نے کہا کہ ہمیں اس مٹی میں دفن ہونا ہے اس لیئے اس کی ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں گے تاکہ یہاں پر معاشی استحکام آئے۔سیمینار کے دوسرے دن منعقدہ سیشن میں عبدالکریم تورڈھیر نے سووینئرز بھی تقسیم کئے سیمینار سے دیگر حکومتی شخصیات اور نامور ماہرین نے خطاب کیا، جبکہ کاروباری افراد، طلبا صحافیوں،دانشوروں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583123