اسلام آباد۔20دسمبر (اے پی پی):نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے بارے میں رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا سی پیک کے حقیقی اثرات اور امکانات کو درست طریقے سے عوام تک پہنچاتے ہوئے تعمیری مکالمہ میں اپنا حصہ ڈالے، سی پیک صرف بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ نہیں، سی پیک سے پاکستان کا سماجی و اقتصادی منظر نامہ تبدیل ہوا ہے، سی پیک کے تحت 2013ءسے اب تک 2 لاکھ 36 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوئے۔
بدھ کو یہاں کامسٹیک میں آٹھویں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) میڈیا فورم سے خطاب کرتے ہوئے نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2018ءمیں انہیں چین میں ہونے والے سی پیک میڈیا فورم کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کا موقع ملا جو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں پروپیگنڈے کو چیلنج کرنے کے لئے وقف تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چائنا انسٹیٹیوٹ نے 2014ءمیں سی پیک میڈیا فورم کا آغاز کیا تاکہ سی پیک کے خلاف ہونے والے پروپیگنڈے کے بارے میں گہری آگاہی پیدا کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے انتہائی مناسب وقت پر آیا جس نے مستقبل کے بارے میں پاکستان کے عوام میں امید، اعتماد اور یقین پیدا کیا۔ یہ منصوبہ اب ایک حقیقت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ءمیں اپنے آغاز کے بعد سے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے پاکستان کا سماجی و اقتصادی منظر نامہ تبدیل کر دیا ہے، توانائی کے سنگین بحران سے نمٹنے میں سی پیک نے پاکستان کو مدد فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پہلے پاکستان کو 2013ءمیں مختلف چیلنجز کا سامنا تھا جس میں طویل لوڈ شیڈنگ سمیت معاشی خسارہ شامل تھا۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک صرف بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ نہیں، اس منصوبے کے تحت 2013ءسے اب تک 2 لاکھ 36 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوئے، اس منصوبے سے مقامی افرادی قوت کو ترقی کا موقع میسر آیا جبکہ اس منصوبے سے علاقائی تفاوت کے خاتمہ میں بھی مدد ملی گی۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک نے پاکستان کی معاشی نمو کو نمایاں طور پر بلند کیا اور اس میں 2 سے 2.5 فیصد سالانہ شرح سے اضافہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے شعبہ میں سی پیک کی 17 ہزار 45 میگاواٹ کی متنوع صلاحیت جس میں ہائیڈرو، ونڈ، سولر اور کوئلے سے بجلی کی پیداوار شامل ہے، نے پائیدار اور قابل اعتماد توانائی کی فراہمی کو یقینی بنایا۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے بارے میں رائے عامہ کی تشکیل میں میڈیا کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ پروپیگنڈا رائے عامہ کو تبدیل کرتا ہے، اس سے نمٹنے کے لئے میڈیا معلومات کی درست فراہمی اور غیر جانبدارانہ بیانیہ کو ذمہ داری سے آگے پھیلائے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے معلوماتی دور میں سچائی کے محافظ کے طور پر میڈیا کا کردار پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک نے نہ صرف ہماری قوم کو ترقی دی بلکہ ایک روشن، زیادہ خوشحال پاکستان کیلئے امید کی کرن بن گیا ہے، ایک خوشحال مستقبل کے لئے سی پیک کے حقیقی اثرات اور امکانات کو درست طریقے سے عوام تک پہنچانے میں میڈیا کا تعمیری مکالمہ میں حصہ ناگزیر ہے۔