اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی ترقی میں اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سی پیک منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے کے لئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، سی پیک نے روڈ انفراسٹرکچر، پاور سیکٹرز اور صنعتی زونز میں 62 ارب ڈالر کے کامیاب منصوبوں کی شکل میں اہم سنگ میل حاصل کئے ہیں، روڈ انفراسٹرکچر، گرین انیشیٹو، ٹیکنالوجی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز، اسپیشل اکنامک زونز اور ایم ایل ون کے حوالے سے جلد اچھی خبریں آئیں گی،
نگراں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، ہماری کوشش ہے کہ وفاقی حکومت، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ مل کر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کریں۔
پیر کو یہاں بحریہ یونیورسٹی اور چائنا میڈیا گروپ کے زیر اہتمام سی پیک آرٹ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) G2G سے B2B میں داخل ہو چکا ہے، سی پیک کی بدولت دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط بڑھے ہیں جبکہ چین اور پاکستان کے تعلقات ہر گذرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ فن و ثقافت کا انسانی زندگیوں پر گہرا اثر پڑتا ہے، یہ امر حوصلہ افزاءہے کہ نمائش میں نہ صرف فن کو پیش کیا جا رہا ہے بلکہ اس میں انٹریکٹو میڈیا کو بھی شامل کیا گیا ہے،
امید ہے کہ نیا انٹریکٹو میڈیا نوجوانوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بناتے ہوئے حکومت سی پیک منصوبوں میں سہولت فراہم کرنے کے لئے بھرپور طریقے سے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
انہوں نے بحریہ یونیورسٹی اور چائنا میڈیا گروپ کو آرٹ نمائش کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس سال ہم سی پیک کی 10 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، مجھے یقین ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون نئی بلندیوں تک پہنچے گا۔ انہوں نے کہا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ چین میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ روڈ انفراسٹرکچر، گرین انیشیٹو، ٹیکنالوجی، ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز، اسپیشل اکنامک زونز اور ایم ایل ون کے حوالے سے اچھی خبریں آئیں گی۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ موجودہ نگراں حکومت کا عہد ہے کہ جس حالت میں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں چھوڑ کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کافی لوگوں کے چہروں پر رونق ہے، نگراں حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا پورا فائدہ عوام کو پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ وفاقی حکومت، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ مل کر پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو منتقل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے ہفتے جمعہ کو ہماری اسٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر تھی، عالمی ادارے بھی آئندہ سال پاکستان کی جی ڈی پی میں دو گنا اضافے کی پیشنگوئی کر رہے ہیں۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ ہماری کوشش ہونی چاہئے کہ ملک میں سیاسی استحکام پیدا ہو، ملک الیکشن کی طرف آگے بڑھے۔ پاکستان آگے بڑھے گا تو سی پیک کے فوائد بھی اچھی طرح ملیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=401754