اسلام آباد۔2دسمبر (اے پی پی):’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘ کے تحت چین پاک اقتصادی راہداری اب پاکستانیوں کی نظروں میں ایک تصور نہیں رہا، بلکہ یہ منصوبہ ایک مسلمہ حقیقت کی صورت میں پاکستان کی ترقی اور لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے میں مدد کررہا ہے۔
جمعہ کوچینی میڈ یا کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل چین میں تیار کی جانے والی ہائبرڈ بسیں پاکستان میں کراچی اور لاہور میں سفری سہولیات فراہم کر رہی ہیں۔ چین اور پاکستان کے درمیان نئی توانائی سے چلنے والی موٹر سائیکلوں کے شعبے میں تعاون ترقی کر رہا ہے ۔
نومبر کے اوائل میں پاکستانی وزیر اعظم کے دورہ چین کے دوران دونوں ممالک نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں کہا گیا تھا کہ فریقین کراچی سرکلر ریلوے منصوبے کو فعال طور پر فروغ دیں گے تاکہ نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈنگ کے لیے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی فوری ضروریات کو حل کیا جا سکے،
صدر شی جن پنگ نے نشاندہی کی کہ اقتصادی راہداری کی منصوبہ بندی اور ترتیب میں پاکستان کے تمام علاقوں کو مدنظر رکھا جانا چاہیے، تاکہ ترقیاتی نتائج سے پاکستان کے تمام لوگوں کو فائدہ ہو، اور پھر خطے کے تمام ممالک کے لوگوں کو فائدہ پہنچے۔اس سلسلے میں پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سی پیک نے پاکستانی معاشرے کو معاشی ترقی فراہم کی ہے اور اس سے ترقی کی رفتار میں نئی جان آئی ہے،چین پاکستان اقتصادی راہداری نئے منصوبوں کو فروغ دے رہی ہے اور لوگوں کے دلوں کو جوڑ رہی ہے ۔
چین اور پاکستان کے درمیان عملی تعاون ’’بیلٹ اینڈ روڈ‘‘کے پروں پر ترقی کرتے ہوئے نئی بلندیوں تک پہنچے گا