قصور۔ 17 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ترقی و اصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک نے پاکستان کو دنیا کی توجہ کا مرکز بنا دیا، ہم نے فوج کے ساتھ مل کر قوم کو متحد کیا،کراچی میں امن لوٹ آیا، دہشت گردوں کا صفایا کیا۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اخوت کالج مصطفی آبادمیں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اب دنیا سی پیک میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں،ہم2030تک پاکستان دنیا کے بیس ترقی یافتہ معیشتوں میں شامل کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔
ہمیں اپنے ترقی کے عمل کو جاری رکھنا ہو گا، ترقی کے سفر کو بار بار ٹوٹنے سے بچانا ہو گا، پاکستان کے بہتر مستقبل کیلئے انتشار،تقسیم کی سیاست سے بچنا ہو گا، 1947میں ہمارے پاس کاغذ چھوڑنے لئے کامن پن بھی نہ تھی وہی ملک 1998میں ساتویں ایٹمی طاقت بن گیا، 1947میں سائیکل بنانے کی سکت نہ تھی اور اب ہم جے ایف تھنڈر بنا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم اپنی کارگردگی کا جائزہ دوسرے ممالک کے ساتھ کریں تو ہم ان سے پیچھے نظر آتے ہیں، باقی ممالک نے جس رفتار سے ترقی کرکے ہمیں پیچھے چھوڑ دیا ہے، اس کے پیچھے ان کی پالیسی کا تسلسل ہے، ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔
انہوں نے مزیدکہا کہ عمران خاں ملک میں بے یقینی قائم رکھنے کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں،ہمیں ڈوبی ہوئی معیشت ملی، سابقہ حکومت ہر چیزکا صفایا کرچکی تھی،جب معاشی بحران پر ہم قابوپالیں گے تو مہنگائی بھی خودبخود کنٹرول ہوجائے گی،انشاء اللہ موجودہ حکومت اس معاشی بحران سے نکل جائے گی۔ سرپرست اعلیٰ اخوت فاؤنڈیشن ڈاکٹر امجد ثاقب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس درس گاہ سے جنم لینے والے بچے معاشرے کی اصلاح کریں گے
،اخوت ایک منی پاکستان ہے،یہاں علم کی قیمت نہیں لگائی جاتی،یہاں وہ بچے پڑھتے ہیں جو کوئی فیس نہیں دے سکتے، وہ اُس وقت فیس ادا کریں گے جب وہ فیس ادا کر سکتے ہوں گے، چکوال،فیصل آبادکراچی میں بھی ایسا ہی کیمپس ہیں جہا ں بچوں کو زیور تعلیم سے مستفید کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی‘ترقی و اصلاحات احسن اقبال کوکالج کے طلبہ نے اخوت کے بارے میں بریفننگ دی۔