سی پیک پورے خطے میں معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا،گورنربلوچستان

64

کوئٹہ۔ 08 فروری (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ پاکستان کی چین کے ساتھ دوستی مثالی ہے ، ہم ہر مشکل میں چین کے تعاون پر اس کے مشکور ہیں،سی پیک دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کی ایک روشن مثال ہے اور یہ شاندار میگا پروجیکٹ پورے خطے میں معاشی انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار چینی قونصلیٹ کراچی میں بلوچستان کے وسیلہ روزگار کیلئے شمسی توانائی سے چلنے والے نظام کے آغاز سے متعلق منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پاکستان میں تعینات عوامی جمہوریہ چین کے قونصل جنرل اور چیئرمین فرینڈز آف چائنہ فورم بھی موجود تھے۔ گورنر نے کہا کہ بلاشبہ چین سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے لحاظ سے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں سے ایک ہے ، ہم ان کے جدید علم اور بالخصوص چین کی ٹیکنالوجیکل مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے خواہشمند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی سے ہم اپنے تعلیمی اداروں، صحت کے مراکز، زراعت اور گھریلو ضروریات پوری کر سکتے ہیں،

اس بدلتی ہوئی دنیا میں سولرائزیشن ایک اہم ضرورت ہے، یہ منصوبہ ہمیں کم قیمت پر توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے اور گلوبل وارمنگ کو کنٹرول کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریگا۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی عصر حاضر کا ایک عالمی مسئلہ ہے، اس ضمن میں میں حکومت بلوچستان کی جانب سے کئےگئے اقدامات خوش آئند ہیں ۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے چینی قونصل جنرل اور چیئرمین فرینڈز آف چائنا فورم بایزید خان کاسی کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی اور شرکاء میں یادگاری شیلڈز اور سولر پینل تقسیم کئے۔