اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):حکومت پاکستان کی دعوت پر چینی صدر شی چن پنگ کے خصوصی نمائندے ، چین کے نائب وزیر اعظم اور کمیونسٹ پارٹی کی سنٹرل کمیٹی کے پولٹ بیورو کے رکن ہی لائفنگ 30 جولائی سے یکم اگست 2023 تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق اپنے دورہ کے دوران نائب وزیراعظم سی پیک کی 10ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کریں گے اور صدر اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی دہائی منانے والی تقریب میں بطور مہمان خصوصی بھی شرکت کریں گے۔
نائب وزیر اعظم ہی لائفنگ نے چین کے بین الاقوامی اقتصادی تعلقات اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے نفاذ میں نمایاں کردار ادا کیا ہے جن میں سے سی پیک ایک اہم منصوبہ ہے۔ نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن کے چیئرمین (2017-2023) کے طور پر انہوں نے پاکستان میں سی پیک کے متعدد منصوبوں کی منصوبہ بندی اور ان پر عملدرآمد میں اہم کردار ادا کیا۔
یہ دورہ پاکستان اور چین کے درمیان باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں اور مذاکرات کا حصہ ہے۔ چینی نائب وزیر اعظم کا یہ دورہ پاکستان اور چین کی طرف سے اپنی "آل ویدر سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ” کو مزید گہرا کرنے سے منسلک ایک دوسرے کے بنیادی مفادات کے مسائل پر حمایت کی توثیق، اقتصادی اور مالی تعاون کو بڑھانا، سی پیک کی اعلیٰ معیار کی ترقی کو آگے بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے کی اہمیت کی عکاسی کرتا ہے۔