سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے موقع پر خصوصی 12ویں جے سی سی کا انعقاد 11 جولائی کو چین میں ہوگا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال شرکت کریں گے

158

اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال 8 جولائی سے چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے جہاں وہ 11 جولائی کو ہونے والی خصوصی 12ویں مشترکہ تعاون کمیٹی (جے سی سی) میں شرکت کریں گے جو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) کی 10 سالہ تقریبات کے حوالے سے منعقد کی جا رہی ہے۔

سی پیک ایک اہم سنگ میل میں داخل ہوا کیونکہ یہ اقتصادی ترقی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور علاقائی روابط کو فروغ دینے میں قابل ذکر کامیابیوں کی ایک دہائی کا جشن منا رہا ہے۔ 10 سالہ تقریبات کے تحت سی پی ای سی سیکرٹریٹ کی جانب سے وزارت منصوبہ بندی کے تعاون سے متعدد تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں جن میں ملک بھر میں بین الاقوامی کانفرنس، تعلیمی سیشنز، ثقافتی شوز اور دیگر شامل ہیں۔

بدھ کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے 11 جولائی کو ہونے والی خصوصی 12ویں جے سی سی کے سلسلے میں پیشرفت کا جائزہ لیا۔اجلاس میں سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی و ترقی سید ظفر علی شاہ، چیف اکنامسٹ آف پاکستان، ڈاکٹر ندیم جاوید اور تمام متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

وزیر منصوبہ بندی کا آئندہ دورہ پاکستان اور چین کے تعلقات کی اہمیت اور ان کی سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کو اجاگر کرے گا۔ دورے کے دوران وزیر منصوبہ بندی اہم چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے جن میں چین کے قومی ترقی اور اصلاحات کمیشن کے چیئرمین اور دیگر اعلیٰ حکام شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال اپریل میں حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد سے سی پیک کو بحال کیا گیا ہے جو کہ پچھلی حکومت نے روک دیا تھا۔ گوادر میں بجلی، انفراسٹرکچر، پانی اور دیگر کے متعدد منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ خصوصی 12 ویں جے سی سی پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ 12 ویں جے سی سی کا انعقاد سی پیک کی 10 سالہ تقریبات کے تحت ایک اہم اجلاس ہے۔انھوں نے 2013 سے شروع ہونے والے اس پورے سفر کے دوران سی پیک کو عملی جامہ پہنانے میں چینی حکام اور کارکنوں کے تعاون کو سراہا۔