اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحتگوادر پورٹ کی اپ گریڈیشن، ایکسپریس وے ،گوادر انٹرنیشل ائیر پورٹ اورگوادر فری زون و پورٹ ڈویلپمنٹ سمیت مختلف منصوبوں پرکام تیزی سے جاری ہے۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے رواں مالی سال کے دوران چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لئے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام خطیر رقم مختص کی ہے۔ حکومت رواں مالی سال کے بجٹ میں سی پیک منصوبے کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے تاکہ اس کی تکمیل سے ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی اور خوشحالی کے اہداف میں مدد حاصل کی جاسکے۔گوادر بندرگاہ کی استعداد بڑھانے کے لئے گوادر اپ گریڈیشن منصوبہ جس میں موجودہ کثیر المقاصد ٹرمینلز کی توسیع اور ایسٹ بے ایکسپریس وے،گوادر ایئر پورٹ پر کام تیز کرنے کے ساتھ ساتھ گوادر میں واٹر سپلائی سکیم پر فوری کام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ گوادر شہر کو منصوبہ بندی کے تحت تعمیر کرنے کے لئے گوادر ماسٹر پلان کو مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔