سی پیک کے تحت ریلوے لائن منصوبے میں راولپنڈی سے کوہاٹ اور کوہاٹ سے پاڑہ چنار کے راستہ ازبکستان تک ٹریک بچھایا جائے گا، گورنر خیبر پختونخوا

180
Faisal Karim Kundi

پشاور۔ 07 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت ریلوے لائن منصوبے میں راولپنڈی سے کوہاٹ اور کوہاٹ سے پاڑہ چنار کے راستہ ازبکستان تک ٹریک بچھایا جائے گا جس سے اس علاقہ اور دونوں ممالک کی معیشت پر مثالی اثرات مرتب ہونگے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی نائب صدر و کوہاٹ ڈویژن کے صدر ساجد حسین طوری سے گفتگو کے دوران کیا۔

ملاقات میں کوہاٹ ڈویژن کے عوام کو درپیش متعدد مسائل پر گفتگو کی گئی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سابقہ دور حکومت میں پاڑہ چنار میں کوہاٹ یونیورسٹی کیمپس کےلیے ایک ہزار کنال زمین خریدی گئی مگر اس کا کام سست روی کا شکار ہے، اس حوالہ سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے حکام سے بات کی جائے گی۔

انہوں نے ساجد حسین طوری کو یقین دلایا کہ کوہاٹ ڈویژن کے متعدد مسائل وفاق سے متعلق ہیں اس حوالہ سے گورنر ہاؤس سے بھرپور کردار ادا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی وزیر اعظم پاکستان سے ملاقات میں ان مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے گا. انہوں نے ساجد حسین طوری کی جانب سے کرم دورہ کی دعوت قبول کی۔