اسلام آباد ۔ 31 اکتوبر (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت سندھ میں چائنہ سپیشل اکنامک زون دھابیجی زون پر کام تیزی سے جاری ہے ،اس زون کے لئے ایک ہزار ایکڑ اراضی حاصل کی جاچکی ہے اورصنعتی بستی کے قیام کے لئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ وزارت منصوبہ بندی میں قائم سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ سندھ میں چائنہ سپیشل اکنامک زون دھابیجی زون میںمختلف انڈسٹری کے قیام کو عمل میں لایا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ اس صنعتی زون سے ائیرپورٹ کا فاصلہ 80کلومیٹر، 85کلومیٹر بندرگاہ ،5 کلومیٹر ریلوے سٹیشن سے اور 4.5 کلومیٹر ہائی وے سے ہے ۔انہوں نے کہ اس علاقے میں صنعتی زون کے قیام کی تجویز سندھ حکومت کی طرف سے آئی تھی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صعنتی انقلاب برپا ہوگا‘ اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طورپر 9 صنعتی زونز بنائیں جائیں گے ۔