سی پیک کے تحت گوادر میں انفراسٹرکچر، ڈویلپمنٹ فار فری زون اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی پرکام جاری، 5280 ایکڑ اراضی حاصل کر لی گئی

93

اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت گوادر میں انفراسٹرکچر، ڈویلپمنٹ فارفری زون اور ایکسپورٹ پروسیسنگ زون اتھارٹی پر تیزی سے کام جاری ہے، ان زونز کے لئے 5280 ایکڑ اراضی حاصل کرلی گئی ہے۔ جمعہ کو سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے ”اے پی پی“ کو بتایاکہ گوادر میں گوار پورٹ فری زون کے لئے 2280 ایکڑ ، گوادر انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لئے 3000 ہزار ایکڑ اور ایکسپورٹ پروسیسنگ اتھارٹی کے لئے 1000 ایکڑ زمین حاصل کر لی گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ صنعتی شعبہ کے لئے انفراسٹرکچر، سڑکوں تک رسائی، انٹرنل روڈ، پانی، گیس، بجلی ، کسٹم فسیلیٹی، چاردیواری، سکیورٹی، ویئرہاﺅس، دفاتر اور دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی کے لئے مراکز قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایاکہ ان تمام منصوبوں پر 32 ملین ڈالر خرچ ہوں گے۔ انہوں نے بتایاکہ گوادر میںگوار پورٹ فری زون، گوادر انڈسٹریل سٹیٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ایکسپورٹ پروسیسنگ اتھارٹی کے منصوبے سی پیک کے تحت چل رہے ہیں تاہم ان تمام منصوبوں کی نگرانی حکومت پاکستان، وزارت پورٹ اینڈ شپنگ اور وزارت کامرس کررہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ ان زونز میں بہت سے صنعتی کارخانے لگ رہے ہیں اور مزید بھی لگیں گے۔