اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):چائنہ انرجی انٹرنیشنل کے سینئرایڈوائزر حسن دائود بٹ نے کہا ہےکہ سی پیک پاک چین دوستی کی ایک واضح مثال ہے، 10 سال کے دوران سی پیک کے تحت 6ہزار میگاواٹ بجلی،5ہزار کلومیٹر طویل شاہراہیں،800کلومیٹر بجلی کی نئی ٹرانسمیشن لائنز ، خصوصی اقتصادی زونز، نئےروزگار کے مواقع کے علاوہ بے شمار چھوٹے بڑے منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو بحریہ یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
حسن دائود بٹ نے کہا کہ تصویر ی نمائش سے سی پیک کے تحت مکمل کئے جانے والے منصوبوں اور چینی ثقافت کے بارے میں عوامی سطح پر شعور و آگہی حاصل ہوگی۔اُنہوں نے کہا کہ سی پیک میں جہاں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو ترجیح دیناشامل ہے وہیں پاکستان اور چین کے درمیان ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ دینابھی شامل ہے تاکہ عوامی تبادلوں میں اضافہ ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیوں ہی کی بدولت پاکستان اور چین کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع ملےگا۔
حسن دائودبٹ نے کہا کہ گزشتہ 10 سال کے دوران سی پیک کے تحت پاکستان نے ترقی کے کئی مراحل کامیابی سے طے کرلئے ہیں جن میں 6ہزار میگاواٹ توانائی، 5ہزار کلومیٹر طویل شاہراہوں کا ایک جال ،800 کلومیٹر بجلی کی نئی ٹرانسمیشن لائنز کے علاوہ دیگر کامیابیاں شامل ہیں ۔ اُنہوں نے کہا کہ چائنہ میڈیا گروپ اور بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ سی پیک آرٹ نمائش کے انعقاد سے طلبہ کو سی پیک کے تحت مکمل کئے جانے والے منصوبوں کے بارے میں آگاہی حاصل ہوگی اور وہ یہ بات جان سکیں گے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کے لئے کس قدر اہمیت رکھتا ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=402124