اسلام آباد ۔ 19 نومبر(اے پی پی )چین پاکستان اقتصادی راہداری ( سی پیک) کے پراجیکٹ ڈائریکٹر حسن داﺅد بٹ نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت پاکستان میں 9 اکنامک زونز کو آپریشنل کرنے کے لئے کام تیزی سے جاری ہے جس میں رشکئی اکنامک زون کی تیاری کے لئے خیبرپختونخوا حکومت نے ابتدائی ترقیاتی کام کاآغاز کردیا ہے اور باقی کام کے لئے سی آر بی سی کے ساتھ معاہدہ طے پانے والا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ”اے پی پی“ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حسن داﺅد بٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت کا سی پیک کے تحت اکنامک زون پر خصوصی فوکس ہے اور ان پر کام فاسٹ ٹریک پر لانے میں بھر پور انداز میں کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں سرمایہ کاری بورڈ نے ان اکنامک زونز کے حوالے سے اجلاس بھی ہوا جس میں رشکئی، فیصل آباد، بوستان، دھابیچی سمیت تمام اکنامک اقتصادی زونز کے حوالے سے متلعقہ اداروں کو خصوصی ہدایت کی کہ اکنامک زونز پر ترجیحی بنیادوں پر کام کیا جائے اور کام کو جلد پایہ تکمیل تک پہنچایاجائے۔