سی پیک کے تمام متعلقہ منصوبوں میں وزارت آئی ٹی کا بھرپور تعاون رہے گا، وفاقی وزیر آئی ٹی کی چیئرمین سی پیک اتھارٹی سے گفتگو

48

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سید امین الحق نے کہا ہے کہ سی پیک کے تمام متعلقہ منصوبوں میں وزارت آئی ٹی کا بھرپور تعاون رہے گا، پاکستان کی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے لئے اٹھائے گئے ہر قدم کو مضبوط کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں اپنے دفتر میں چیئرمین سی پیک اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے چیئرمین سی پیک سے مختلف پراجیکٹس کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے کہا کہ آئی ٹی پارکس کے ذریعے بہترین پروفیشنلز سی پیک کے لئے نہایت کار آمد ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی آئی ٹی انڈسٹری میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا جس طرح سی پیک ایک گیم چینجر ہے، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کمیونیکشن میں انقلابی اقدامات بھی معیشت کا گیم چینجر بنیں گی، سی پیک کی طرح آئی ٹی انڈسٹری بھی روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرنے کا سبب بن رہی ہے۔چئیرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا ہمارا اصولی مؤقف ہے کہ سی پیک پراجیکٹس متعلقہ وزارت کے ذریعے ہی مکمل ہوں، گلگت بلتستان میں آئی ٹی پارک سے بہت سی امیدیں ہیں اس طرز پر مزید پارکس کے قیام میں مدد کریں گے، چاہتے ہیں کہ سی پیک کے مختلف پراجیکٹس میں وزارت آئی ٹی کاکردار نمایاں ہو۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ متعدد چائینیز کمپنیاں آئی ٹی اور فائبر آپٹکس کے منصوبوں میں دلچسپی رکھتی ہیں۔اس سے پہلے سیکریٹری آئی ٹی شعیب احمد صدیقی نے چیئرمین سی پیک کو مختلف آئی ٹی پراجیکٹس کے بارے آگاہ کیا۔