سی پیک کے دوسرے مرحلے کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مزید توانائی اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں، وزیراعظم کا ٹویٹ

125
محمد شہباز شریف
قصور کے عوام نے نواز شریف کے ترقی اور خوشحالی کے ایجنڈے پر اپنی مہر تصدیق ثبت کی ہے، وزیر اعظم شہباز شریف کا ٹویٹ

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک نے گزشتہ دس برسوں کے دوران اعلیٰ معیار کے انفراسٹرکچر، توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں کئی سنگ میل عبور کئے ،سی پیک کے دوسرے مرحلے کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مزید توانائی اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔

 

جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ سی پیک کی دہائی کی تکمیل کے موقع پر پاکستان کے ساتھ حمایت اور یکجہتی کے اپنے اہم پیغام پر چین کے صدر شی جن پنگ کا شکر گزار ہوں۔

سی پیک کو اعلی معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ کوآپریشن کا ایک مثالی منصوبہ بنانے پر ان کا زور پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ان کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ درحقیقت سی پیک نے گزشتہ دس سال کے دوران اعلیٰ معیار کے انفراسٹرکچر، توانائی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں کئی سنگ میل عبور کئے ہیں۔ بی آر آئی کے فلیگ شپ پراجیکٹ کے طور پرسی پپک میاں نواز شریف کی قیادت میں تبدیلی کی کہانی میں تبدیل ہوا۔ پاکستان اس کہانی کو دنیا بھر میں اپنے دوستوں اور شراکت داروں کے ساتھ شیئر کرنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے ہم کبھی بھی صدر شی جن پنگ کا مکمل شکریہ ادا نہیں کر سکیں گے۔میں سی پیک کے دوسرے مرحلے کو شاندار کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے مزید توانائی اور جذبے کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرعزم ہوں۔