سی پیک کے مغربی روٹ کے ایک سیکشن ، جنوبی خیبرپختونخوا کےلئے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پر وزیراعظم کے شکرگزار ہیں ، مولانا اسعد محمود

286

اسلام آباد۔26دسمبر (اے پی پی): وفاقی وزیرمواصلات و پوسٹل سروسز مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ سکھر حیدرآباد موٹروے کے بعد سی پیک کے مغربی روٹ ، یارک ژوب کے ایک سیکشن اور جنوبی خیبرپختونخوا کےلئے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کے شکرگزار ہیں ، ان منصوبوں سے خیبرپختونخوا کے اضلاع اورڈیرہ اسماعیل خان کے گردونواح میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیرکو ڈیرہ اسماعیل خان سمیت خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں میگا ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ترقی کے سفر کا دوبارہ آغاز وہیں سے کیا ہے جہاں سابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے یہ سفر چھوڑا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقی کے سفرکو روک دیا گیاتھا اور آج یہ سفر دوبارہ شروع ہونے جارہا ہے ۔مولانا اسعد محمود نے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمان کی دعوت پر اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کےلئے وزیراعظم کی آمد پر اظہارتشکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس بات پر وزیراعظم کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے سکھر حیدرآباد موٹروے کے بعد سی پیک کے مغربی روٹ ، یارک ژوب سیکشن اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا ہے۔ وزیر مواصلات نے کہا کہ جنوبی اضلاع کے عمائدین، سیاسی زعما، علما کرام ، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اور مختلف وزارتوں کے افسران، ذمہ داران کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے اس تاریخی تقریب میں شرکت کی۔ قبل ازیں وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود اوردیگر عمائدین نے وزیراعظم شہباز شریف کی آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا۔