فیصل آباد۔ 08 اگست (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے منصوبوں پر دوبارہ تیزی رفتاری سے کام شروع کرنے کا خیر مقدم کیا ہے اور کہاہے کہ چین کے نائب وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ نئے منصوبو ں پر بھی کام شروع کرنے کی راہ ہموار ہو گی جس کے شاندار معاشی نتائج حاصل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے اقتصادی تعلقات ہر مشکل وقت میں برقرار رہے جس سے دونوں ملکوں کے درمیان قریبی اور برادرانہ تعلقات کا عملی اظہار ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 6ماہ کے وقفے کے بعد پاکستان میں چینی سفیر کا تقرر بھی ایک مثبت پیش رفت ہے جس سے باہمی اقتصادی روابط کو منصوبہ بنانے میں مد د ملے گی۔
ڈاکٹر خرم طارق نے چینی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں فیصل آباد چیمبر آنے کی بھی دعوت دی تاکہ ایم تھری اور علامہ اقبال انڈسٹری اسٹیٹس میں چین کی طرف سے لگائے جانیوالے صنعتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیزاور مزید چینی سرمایہ کاری کیلئے بھی راہ ہموار کی جا سکے۔