بیجنگ۔4اگست (اے پی پی): چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے پاکستان کے لیے سی پیک کو ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ میگا پراجیکٹ نے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے مواقع پیدا کیے ہیں۔ انہوں نے چینی اخبار چائنا ڈیلی کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا کہ سی پیک پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے اور یہ ایک کھلے، مربوط اور جامع ترقی کے نمونے کی ایک بہترین مثال ہے جو ملک کے تمام حصوں اور معاشرے کے تمام طبقات کے مفاد میں ہے۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے حمایت اور سی پیک کو ایک مثالی منصوبے کے طور پر تعمیر کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ کام کرنے کا عزم انتہائی اطمینان بخش اور خوش کن ہے۔انہوں نے گوادر پورٹ کی ترقی کو سی پیک میں مرکزی حیثیت دینے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بندرگاہ اب آپریشنل ہے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
گوادر فری ٹریڈ زون کا پہلا مرحلہ بھی مکمل ہو چکا ہے۔ انہون نے بتایا کہ سی پیک نے اب تک پاکستان میں تقریباً 25 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے، جس نے مقامی باشندوں کے لیے ملازمتوں سمیت روزگار کے 2لاکھ مواقع پیدا کیے ہیں۔ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو کے فلیگ شپ منصوبے کے طور پر سی پیک نے پاکستان کے بنیادی ڈھانچے کے منظر نامے کو تبدیل کر دیا ہے اور اس کی مستقبل کی ترقی کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ سی پیک کے اعلیٰ معیار کی ترقی کا دوسرا مرحلہ پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے فائدہ مند ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اعلیٰ معیار کی ترقی کا نیا مرحلہ دوطرفہ اور کثیرالطرفہ تجارت اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے منصوبوں کو فروغ دے کر نفع بخش عالمگیریت کے حصول کے لیے ایک نئی تحریک فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے سی پیک کی بہترین صلاحیت کا ادراک کرنے کے لیے اب دیگر ممالک کو دعوت دی ہے اور متعدد ممالک نے سی پیک میں سرمایہ کاری کرنے اور اس اقدام کا حصہ بننے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔پاکستانی سفیر نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی)نے بین الاقوامی برادری کی مشترکہ خوشحالی، ترقی اور بہبود کے لیے اجتماعی کوششوں کی حمایت کی۔ پاکستان اس عالمی اقدام کے ابتدائی امیدواروں میں سے ایک ہے اور اس نے فخر کے ساتھ اپنے وژن اور مقاصد کا اشتراک کیا۔