سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات تفصیلی جائزہ

55
CPO Rawalpindi Syed Khalid Hamdani
CPO Rawalpindi Syed Khalid Hamdani

راولپنڈی۔6جولائی (اے پی پی):سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا رات گئے تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی راول، ڈی ایس پی سٹی، متعلقہ ایس ایچ اوز اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

سی پی او نے جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور تمام سکیورٹی اقدامات کا باریک بینی سے مشاہدہ کیا۔ انہوں نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ فول پروف سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے موقع پر جاری کردہ ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔ راولپنڈی پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے شب و روز انتھک محنت اور جانفشانی سے سرگرم عمل ہے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے مزید کہا کہ امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور عوام کے تعاون سے محرم الحرام کے جلوس پر امن طریقے سے مکمل ہوں گے۔