ملتان۔ 29 دسمبر (اے پی پی):سی پی اوملتان صادق علی کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد ،شہریوں کے مسائل سنے اور میرٹ پر حل کے لیے موقع پراحکامات جاری کیے۔ترجمان پولیس کے مطابق جمعہ کے روز سی پی او ملتان نے اپنے دفتر میں شہریوں کے مسائل سنے اور میرٹ پر حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کیے۔انہوں نے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔
سی پی او نے کھلی کچہری میں آئے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو میرٹ پر حل کیا جائے گا اور انصاف کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سی پی او صادق علی نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا بروقت ازالہ اولین ترجیح ہے جس میں کوئی دانستہ کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوران ڈیوٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب افسران واہلکاروں کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کے اجتماعی و انفرادی حقیقی مسائل کے حل کے لیے ہمارے دفاترہروقت کھلے ہیں۔