اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز(سی ڈی این ایس)نے مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران نئے بانڈز کے اجرا سے 560ارب روپے کی بچتیں حاصل کی ہیں۔
سی ڈی این ایس کے ایک اہلکارنے اے پی پی کوبتایا کہ یکم جولائی سے 27نومبرتک ادارے نے نئے بانڈز کے اجراسے 560ارب روپے کی بچتیں حاصل کیں جوجاری مالی سال کےلئے مقررہ سالانہ ہدف کا 33فیصدہے، سال کےلئے سی ڈی این ایس نے 1650ارب روپے کی بچتوں کاہدف مقررکیاہے،گزشتہ مالی سال کے دوران سی ڈی این ایس نے 1.742ٹریلین روپے کی بچتیں حاصل کی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادارہ اسلامی مالیات کے فروغ کےلئے بھی اقدامات کررہا ہے ، جاری مالی سال کےلئے اسلامی مالیات کے تحت 170ارب روپے کی بچتوں کاہدف مقررکیاہے، گزشتہ سال اس مد میں 75ارب روپے کی بچتیں حاصل ہوئی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ سی ڈی این ایس نے ملک میں بچتوں کے فروغ کےلئے کئی اقدامات کئے ہیں،
ادارہ اپنے صارفین کوسہولیات کی فراہمی کےلئے اقدامات کررہاہے ، صارفین کےلئے اے ٹی ایم کی سہولت پہلے سے فراہم کی گئی ہے۔