سی ڈی این ایس نے اسلامی مالیاتی بانڈز کے ذریعہ 40 ارب روپے، نئے بانڈز کے اجرا سے 715ارب روپے کی بچتوں کاہدف حاصل کرلیا

225
CDNS
CDNS

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):سینٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز(سی ڈی این ایس)نے اسلامی مالیاتی بانڈز کے ذریعہ 40 ارب روپے کی بچتیں حاصل کی ہے۔سی ڈی این ایس کے ایک اہلکار نے اے پی پی کوبتایا کہ ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے سی ڈی این ایس نے اسلامی بانڈز جاری کئے ہیں، جولائی 2023 کے اختتام تک اسلامی بانڈز کے ذریعہ 16 ارب روپے کی بچتیں حاصل کئیں جبکہ اب تک ان بانڈز کے ذریعہ مجموعی طورپر40 ارب روپے کہ بچتیں حاصل کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جاری مالی سال کیلئے سی ڈی این ایس نے اسلامی مالیاتی بانڈز کے ذریعہ 75 ارب روپے کی بچتیں حاصل کرنے کا ہدف مقررکردیاہے۔ایک سوال پرانہوں نے بتایا کہ اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کیلئے سی ڈی این ایس نے نئی جہتیں متعارف کرائی ہیں ، گزشتہ مالی سال کے دوران سی ڈی این ایس نے اسلامی مالیات کے تحت بچتوں کا60 ارب روپے کا ہدف کامیابی سے حاصل کرلیاتھا۔انہوں نے بتایا کہ عالمی مالیاتی شعبہ میں اسلامی مالیات کا اہم کردار ہے، متعدد بڑے ممالک کی معیشتوں میں اسلامی مالیات کا ایک بڑا حصہ ہے۔

ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ سی ڈی این ایس میں بہتری اوراختراع کیلئے اصلاحات کا عمل جاری ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ جاری مالی سال کے آغاز سے لیکراب تک سی ڈی این ایس نے نئے بانڈز کے اجرا کے ذریعہ 715ارب روپے کی بچتوں کاہدف حاصل کرلیاہے۔