اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز نے جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے وسط تک اسلامی مالیاتی بانڈز کے ذریعے 35ارب روپے کی بچتیں حاصل کی ہیں ۔سی ڈی این ایس کے ایک عہدیدارنے ’’اے پی پی‘‘کو بتایا کہ ملک میں اسلامی مالیاتی نظام کے فروغ کےلئے نیشنل سیونگز نے اسلامی مالیاتی بانڈز جاری کئے ہیں جس سے ملک میں اسلامی بنیادوں پر معیشت کو فروغ حاصل ہوگا ۔
انہوں نے بتایا کہ اسلامی مالیاتی بانڈزکے ذریعے جاری مالی سال کی دوسری سہ ماہی کے وسط تک ادارے نے 35 ارب روپے تک کی بچتیں حاصل کی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ جولائی 2023 میں اسلامی مالیاتی مصنوعات کے ذریعے 16ارب روپے کی بچتیں حاصل کی گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کے اختتام تک سی ڈی این ایس نے اسلامی مالیاتی مصنوعات کے ذریعے 75ارب روپے کی بچتیں حاصل کرنے کا ہدف مقررکیا ہے جس کےلئے اسلامی مالیاتی شعبے میں نئی جہتیں وضع کی جارہی ہیں ۔
سی ڈی این ایس کے عہدیدار نے بتایا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران اسلامی مالیاتی مصنوعات کے ذریعے مجموعی طور پر60ارب روپے کی بچتیں حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہاکہ عالمی مالیاتی نظام میں اسلامی مالیات کا اہم کردار ہے اور اس وقت دنیا کے کئی ممالک کی معیشتو ں میں اسلامی مالیات کا ایک بڑا حصہ شامل ہے ۔
ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ملک میں بچتوں کے فروغ کےلئے سی ڈی این ایس میں ادارہ جاتی اصلاحات کا عمل جاری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاری مالی سال کے دوران سی ڈی این ایس نے مجموعی طور پر500ارب روپے کی بچتیں حاصل کی ہیں۔