سی ڈی اے بلیو ایریا کو جدید کاروباری مرکز کے طور پر ترقی دے، احسن بختاوری،پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے بلیو ایریا کے تاجر بہت مشکلات کا شکار ہیں،راجہ حسن اختر،ٹریڈرز ویلفیئرایسوسی ایشن بلیو ایریا کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس کا دورہ

121
Ahsan Bakhtavari
Ahsan Bakhtavari

اسلام آباد۔7اکتوبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ بلیو ایریا اسلام آباد کا سب سے بڑا تجارتی مرکز ہے جو کہ معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور وفاقی دارالحکومت کی پہچان ہے تاہم بلیو ایریا میں بہت سے ترقیاتی کاموں کی ضرورت ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے سے مطالبہ کیا کہ بلیو ایریا کو جدید کاروباری مرکز کے طور پر ترقی دی جائے جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، بلیو ایریا، اسلام آباد کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس نے ایسوسی ایشن کے صدر راجہ حسن اختر کی قیادت میں چیمبر دورہ کیا اور آئی سی سی آئی کے عہدیداران کو ان کی مدت میں ایک سال کی توسیع پر مبارکباد پیش کی۔احسن بختاوری نے کہا کہ پارکنگ کی عدم دستیابی بلیو ایریا کا ایک سنگین مسئلہ ہے لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ بلیو ایریا میں پارکنگ پلازہ کی تعمیر ہونے تک سی ڈی اے تاجروں کو فضل حق روڈ کے گرین ایریا پر پارکنگ کی اجازت دے۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر بلیو ایریا کی ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایک بڑی شاپنگ فیسٹیول منعقد کرنا چاہتا ہے تا کہ کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے اور صارفین کو بھی مناسب ریٹ پر خریداری کا موقع فراہم ہو

۔ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن بلیو ایریا کے صدر راجہ حسن اختر اور سیکرٹری جنرل میاں بشارت اللہ کاکاخیل نے اس موقع پر بلیو ایریا کے تاجروں کو درپیش اہم مسائل سے چیمبر کے عہدیداران کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ نہ ہونے کی وجہ سے بلیو ایریا کے تاجروں کو بہت مشکلات کا سامنا ہے لہذا سی ڈی اے اس مسئلے کے حل پر فوری توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا کا سیوریج کا نظام بہت پرانا ہو چکا ہے جو موجودہ ضروریات کو پورا کرنے سے قاصر ہے ،سی ڈی اے علاقے میں سیوریج کا نیا نظام پچھانے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلیو ایریا کی تمام خراب سٹریٹ لائٹس کو جلد بحال کیاجائے اور درختوں کی تراش پر توجہ دی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے بلیو ایریا میں فوڈ سٹریٹ قائم کرے جو کہ تاجروں اور شہریوں کے لیے وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ احسن بختاوری تاجروں کے مسائل کے حل کے لیے سرگرم عمل ہیں اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے بقیہ دور میں تاجروں کے دیگر مسائل کو بھی حل کرائیں گے جبکہ ایسوسی ایشن اس سلسلے میں ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔آئی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر فاد وحید نے کہا کہ بلیو ایریا اسلام آباد میں کاروباری سرگرمیوں کا اہم مرکز ہے لہذا سی ڈی اے اس کو جدید خطوط پر ترقی دینے کی کوشش کرے۔چیمبر کے نائب صدر انجینئر اظہر الاسلام ظفرنے کہا کہ آئی سی سی آئی تاجروں کے اہم مسائل کو حل کرانے میں بلیو ایریا کی ایسوسی ایشن کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرے گا تاکہ انہیں کاروباری سرگرمیوں کو ترقی دینے میں سہولت ہو۔بلیو ایریا کے گروپ لیڈر یوسف راجپوت، سید امین پیرزادہ اور دیگر وفد میں شامل تھے۔