اسلام آباد۔15جنوری (اے پی پی):سی ڈی اے ریفرنڈم کے حوالے سے قومی صنعتی تعلقات کمیشن(این آئی آر سی) کے مجاز آفیسرمحمد شفیق نے ریفرنڈم کےتاریخ کا اعلان کر دیا، ریفرنڈم کے لیے پولنگ 6فروری جمعرات کو ہو گی جس میں تقریباً11,900سی ڈی اے ملازمین اپنے ووٹ کا حق استعمال کریں گے۔بدھ کو سی ڈی اے مزدور یونین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ریفرنڈم کے حوالے سے گزشتہ روز مجاز آفیسر نے سی ڈی اے مزدور یونین کو چاند ستارہ،سی ڈی اے ورکرزفیڈریشن کو سبزپرچم،سی ڈی اے لیبر یونین کو شاہین اور سی ڈی اے ایمپلائز یونین کو ببرشیرکے انتخابی نشان الاٹ کئے تھے۔
اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،صدراورنگزیب خان،چیئرمین راجہ شاکرزمان کیانی،سپریم ہیڈ مرزاسعید اختر،ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سردارنسیم ممتاز،حاجی صابرحسین،محمد عاصم ملک،صوفی محمودعلی،اسدمحمود،محمد سرفرازملک،اظہرخان تنولی،چوہدری زاہد،ملک دلشاد،چوہدری واجد گجر،چوہدری ابرار،راجہ غلام مرتضی،خالد محمود،وارث دلیپ و دیگرنے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین نے سی ڈی اے میں سی بی اے کی مدت ختم ہونے کے بعد این آئی آرسی میں ریفرنڈم کو چیلنج کیا تھا جس پر آج فاضل عدالت کے مقررہ کردہ مجازافسرنے کارروائی مکمل کرکے ریفرنڈم کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے،
آج سی ڈی اے کا مزدور باشعور ہو چکا ہے اور آئندہ ریفرنڈم میں اپنے اور اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے اہل قیادت کا انتخاب کرے گا ،ہم نے پہلے بھی مزدوروں کی رنگ و نسل اور مذہب سے بالاتر ہوکر تاریخ ساز خدمت کی اور آئندہ بھی اس جذبے کے تحت محنت کشوں کی خدمت کرتے رہیں گے۔ مزدور یونین کے عہدیداران نے اپنے ورکروں سے کہا کہ وہ اپنی تنظیم کی کامیابی کے لیے دن رات محنت کریں تاکہ انشاء اللہ ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد ملازمین کے دیگرمسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کروایاجاسکے۔