سی ڈی اے ماڈل نرسری مستقبل میں اسلام آباد کے شہریوں کی ہارٹیکلچر ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی، محمد علی رندھاوا

10
سی ڈی اے ماڈل نرسری مستقبل میں اسلام آباد کے شہریوں کی ہارٹیکلچر ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور ڈی جی سول ڈیفنس محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ، ممبر انوائرمنٹ اور متعلقہ افسران کے ہمراہ پارک روڈ پر قائم سی ڈی اے نرسری کا دورہ کیا جہاں انہیں سی ڈی اے نرسری کی اپ گریڈیشن، بحالی اور اسے گارڈینیا حب میں تبدیل کرنے کے منصوبے کے تحت ہونے والے اب تک کے تعمیراتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین سی ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے ماڈل نرسری کو گارڈینیا حب میں تبدیل کرنے کیلئےکام جاری ہے جس میں باکو کے آرکیٹکٹس اور ہارٹیکلچر ماہرین خصوصی طور پر معاونت فراہم کر رہے ہیں،

سی ڈی اے ماڈل نرسری میں فلاور شاپس سمیت ٹریننگ و ریسرچ سینٹر کی سہولیات بھی شامل ہوں گی، نرسری میں منفرد اور جدید طرز کے کنٹرولڈ وینٹیلیٹڈ گرین ہائوسز تعمیر کئے جا رہے ہیں جو نہ صرف پودوں کی نشوونما کیلئے مثالی ماحول فراہم کریں گے بلکہ تحقیق و ترقی کیلئے بھی معاون ثابت ہوں گے۔بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ٹشو کلچر سینٹر بھی قائم کیا جائے گا جہاں پودوں کی نئی اقسام کو پروپیگیشن کے جدید طریقوں سے تیار کیا جاسکے گا۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ماڈل نرسری کو بین الاقوامی معیار کے مطابق سٹیٹ آف دی آرٹ نرسری کے طور پر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے ماڈل نرسری میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو سی ڈی اے ماڈل نرسری کی دیکھ بھال اور حفاظت کیلئے خصوصی ٹریننگ فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے فرائض منصبی مزید مستعدی اور جانفشانی سے سر انجام دے سکیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے نرسری میں ہونے والے ترقیاتی کام، فلاور شاپس اور اسے گارڈینیا حب میں تبدیل کرنے کے منصوبہ پر سی ڈی اے ملازمین کے کام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ سی ڈی اے ماڈل نرسری مستقبل میں اسلام آباد کے شہریوں کی ہارٹیکلچر ضروریات کو پوری کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے نرسری کی اپ گریڈیشن کا بنیادی مقصد اسلام آباد کو ہارٹیکلچر کے شعبے میں ایک اہم مرکز کے طور پر متعارف کروانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید اور خوبصورت فلاور شاپس کی تعمیر کے کام کو تیزی سے مکمل کیا جائے جس سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ یہ شہریوں کیلئے ایک پرکشش تفریحی مقام بھی بنے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نرسری میں رنگ برنگے پھولوں کی نمائش کیلئے خصوصی جگہ مختص کی جائے، جہاں موسمی اور غیر موسمی پھولوں کی خوبصورت اقسام کو عوام کیلئے پیش کیا جاسکے گا۔ اس کے علاوہ ایک ایپ بھی بنائی جائے جس کے ذریعے شہری کیش لیس ڈیجیٹل آن لائن ادائیگی کرکے اپنی پسند کے پودے گھر بیٹھے خرید سکیں گے۔چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ اس منصوبے کا جامع ڈیزائن سی ڈی اے کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ اسلام آباد میں گرین ایریاز کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی پائیداری کے کلچر کو فروغ دے گا۔