سی ڈی اے نے تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے لئے ماحولیاتی تبدیلی فنڈ قائم کر دیا

139

اسلام آباد۔14جولائی (اے پی پی):اسلام آباد کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے بچانے کا مشن کے تحت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سی ڈی اے نے تاریخ میں پہلی بار اسلام آباد کے لئے ماحولیاتی تبدیلی فنڈ قائم کر دیا ہے،کلائیمٹ چینج انشیٹیو کے تحت سی ڈی اے نے خصوصی فنڈ قائم کیا گیا ہے۔

وزیر داخلہ نے ماحولیاتی فنڈ کے قیام پر چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا اور متعلقہ ٹیم کو سراہا ہے۔ سی ڈی اے کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ سی ڈی اے نے ماحولیاتی فنڈ قائم کرکےنمایاں کامیابی حاصل کی ہے، سی ڈی اے کی ٹیم مبارک باد کی مستحق ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ انیشیٹو کے تحت شہر میں کاربن کریڈٹ پروگرام بھی شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کاربن کریڈٹ پروگرام کے تحت شہر میں درخت لگانے کے لئے 2000 سے 10،000 کنال پر محیط مقامات مختص کردئیے ہیں ،مختص مقا مات پر 40 لاکھ سے 50 لاکھ درخت لگائے جائیں گے،درخت لگانے کے لئےمقامات نئے سیکٹرز، ایونیوز اور دیگر کھلے علاقوں میں مختص کیے گئے ہیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ مارگلہ ہلز پر واقع تفریحی مقامات پر مارگلہ ہلز فنڈ کی منظوری بھی دی گئی ہے،یہ فنڈ تفریحی مقامات کی آمدن کا 1.5 فیصد حصہ ہوگا،حاصل رقم سے مارگلہ ہلز کی حفاظت اور خوبصورتی کو یقینی بنایا جائے گا۔