اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی ترقیاتی ادارہ(سی ڈی اے) نے عید الاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں تلف کرنے کیلئے جامع صفائی پلان تشکیل دے دیا ، عملہ صفائی کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں، 2500 سے زائد عملہ خاکروب، سپروائزری سٹاف سمیت افسران ہنگامی بنیادوں پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے ۔
وفاقی ترقیاتی ادارہ (سی ڈی اے)کے چیئرمین کیپٹن(ر) نور الامین مینگل کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ممبر انوائرمنٹ کی زیر صدارت اجلاس میں ڈی سی اسلام آباد، ڈی جی سوک مینجمنٹ، سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ سمیت سی ڈی اے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ ممبر انوائرمنٹ نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو عید الضحیٰ کے موقع پر صفائی کی بہترین خدمات فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سی ڈی اے کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق صفائی آپریشن کے لئے اسلام آباد شہر کو چار زونز میں تقسیم کر دیا گیا ہے تاکہ مطلوبہ نتائج حاصل کئے جاسکیں، زون ون میں ایف فائیو، ایف سکس، بلیو ایریا، سیدپور اور بری امام، فیصل مسجد، ای سیون، ایف سیون، ایف ایٹ اور جی ایٹ جبکہ زون ٹو میں ایف ٹین، ایف الیون، گولڑہ شریف، جی نائن، جی ٹین، جی الیون وغیرہ کے علاقے شامل ہیں۔زون تھری میں ایچ ایٹ، ایچ نائن، ایچ ٹین، ایچ الیون، آئی ایٹ، آئی نائن، آئی ٹین، آئی الیون وغیرہ جبکہ زون فور میں ہائی وے، ماڈل ویلج ہمک، شہزاد ٹائون، راول ٹائون، مارگلہ ٹائون، لہتراڑ روڈ، بھارہ کہو کے علاقے شامل ہیں۔
ہر زون کو چیف سینٹری انسپکٹر سپروائز کرے گا جبکہ سیکٹرز میں سینٹری انسپکٹر اور سپروائزر اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔ صفائی ایکشن پلان کے مطابق سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے عملے کی عیدالاضحیٰ کے دوران چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور تقریبا 2500 سے زائد عملہ خاکروب، سپروائزری سٹاف سمیت افسران ہنگامی بنیادوں پر شہر کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے اپنے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ 150 سے زائد گاڑیاں، ٹریکٹر ٹرالیاں، گاربیج کمپیکٹر، اسکپ لفٹر، ٹرک ڈمپر، فرنٹ لوڈر، شاول اور ڈوزر وغیرہ بھی اس خصوصی مہم کا حصہ ہوں گے۔ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو تلف کرنے کے لئے45 مختلف مقامات پر97 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں۔
مزید براں دو ایمرجنسی سیل بھی قائم کر دیئے گئے ہیں جو کہ شعبہ سینی ٹیشن کے مرکزی دفتر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہوں گے۔اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد کے شہریوں سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ قربانی کے جانور جگہ جگہ ذبح کرنے سے گریز کریں اوراجتماعی قربان گاہ کو ترجیح دیں تاکہ عملہ صفائی اس کو فوری طور پر اٹھا کر تلف کردے، اسی طرح آلائشیں نالوں، جنگلوں میں بھی نہ ڈالیں۔
اس موقع پر ڈی سی اسلام آباد نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کیں کہ وہ تمام شہری و دیہی رہائشی علاقوں بشمول پرائیویٹ و کوآپریٹیو ہاسنگ سوسائٹیز کو پابند کریں کہ وہ آلائشوں کو مختص کردہ مقامات پر ہی حفظان صحت کے اصولوں کے عین مطابق تلف کرنے کو یقینی بنائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے کیپٹن (ر) نور الامین مینگل کی ہدایات کے مطابق عیدالضحیٰ پر اسلام آباد کے منتخب شدہ شہری اور دیہی علاقوں میں بائیو ڈیگریڈ ایبل پلاسٹک بیگز بھی تقسیم کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے پیش نظر سی ڈی اے کے شعبہ سینی ٹیشن کی جانب سے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کردئیے ہیں جن پر شہری تعطیلات کے دوران کسی بھی وقت سینی ٹیشن ہیلپ لائن نمبر 1334 یا 9213908 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔