سی ڈی اے کی سموگ سے بچنے کے لیے مددگار اقدامات کی نشاندہی، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

58
Capital Development Authority
Capital Development Authority

اسلام آباد۔18نومبر (اے پی پی):ڈائریکٹوریٹ آف ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ سی ڈی اے نے سموگ (دھویں اور آلودگی) سے بچنے کے لیے مددگار اقدامات کی نشاندہی کرتے ہوئے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ سوموار کو جاری پبلک سروس میسیج میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ سموگ کے نقصانات سے بچنے کے لئے گھریلو احتیاطی تدابیر اختیار کریں، گھروں کے دروازے اور کھڑکیاں بند رکھیں تاکہ سموگ اندر نہ آئے۔ گھروں میں ایئر پیوریفائر کا استعمال کریں جو ہوا کو صاف کرتا ہے۔

اگر ایئر پیوریفائر دستیاب نہ ہو تو گیلے کپڑے کو کھڑکیوں یا دروازوں پر لگائیں تاکہ دھواں فلٹر ہو۔باہر نکلتے وقت احتیاط برتیں، باہر نکلتے وقت این 95 ماسک یا کسی اچھے معیار کے ماسک کا استعمال کریں۔خاص طور پر صبح اور شام کے اوقات میں زیادہ آلودہ علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ اپنی جلد کو ڈھانپ کر رکھیں تاکہ آلودگی سے بچ سکیں۔خوراک اور صحت کا خیال رکھیں ، قوت مدافعت بڑھانے والی غذائیں جیسا کہ وٹامن سی، وٹامن ای اور اینٹی آکسیڈنٹ سے بھرپور پھل و سبزیوں وغیرہ کا استعمال کریں۔ پانی زیادہ پئیں تاکہ جسم سے زہریلے مادے خارج ہو سکیں۔ اگر سانس لینے میں دشواری ہو یا دیگر علامات ظاہر ہوں تو فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

سموگ سے بچنے کے دیگر اقدامات تجویز کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آلودگی کی سطح جاننے کے لیے ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) چیک کریں اور اس کے مطابق اپنی سرگرمیاں ترتیب دیں۔کارپولنگ، پبلک ٹرانسپورٹ یا سائیکلنگ کو فروغ دیں تاکہ گاڑیوں سے نکلنے والا دھواں کم ہو۔ زیادہ درخت لگائیں اور آلودگی کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اگر سموگ کی شدت بہت زیادہ ہو تو غیر ضروری طور پر باہر نکلنے سے مکمل گریز کریں۔سموگ سے بچنے اور اس کے اثرات کو کم کرنے کے لیے گھریلو علاج اور ضروری دوائیوں کی تیاری ضروری ہے، گھریلو ترکیبیں اور دوائیوں کا استعمال کریں ، بھاپ لیں جس کے لئے ایک برتن میں گرم پانی لیں اور اس میں تھوڑا سا نمک یا یوکلپٹس آئل ڈالیں، بھاپ لینے سے سانس کی نالی صاف ہوتی ہے اور آلودگی کے ذرات کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔ شہد اور ادرک کا قہوہ پئیں، ادرک کو پانی میں ابال کر شہد شامل کریں، یہ گلے کی خراش کو کم کرتا ہے اور قوت مدافعت بڑھاتا ہے۔

تلسی اور پودینے کا قہوہ شہد کے ساتھ استعمال کریں، یہ پھیپھڑوں کو صاف رکھنے میں مددگار ہے۔ہوا صاف کرنے والے پودے سپائیڈر پلانٹ، ایلو ویرا یا سنیک پلانٹ جیسے پودے گھر میں رکھیں جو آلودگی کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ نمکین پانی سے غرارے کریں، اینٹی الرجی گولیاں اور اینٹی ہسٹامین ، سلائین یا نیزل سپرے اپنے ڈاکٹر کے مشورے سے ضرور گھر میں رکھیں۔ یہ ادویات الرجی اور سموگ کی وجہ سے ہونے والی خارش اور سوجن کے خاتمے کے لیے مفید ہیں اور سموگ کے اثرات کو کم کرنے میں بہت موثر ہیں اور آپ کو صحت مند رکھ سکتی ہیں۔