اسلام آباد۔2جون (اے پی پی):کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے واٹر مینجمنٹ ونگ نے موسم گرما کی آمد پر وفاقی دارالحکومت میں پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے متعدد منصوبوں پر اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں۔
اتوار کو سی ڈی اے کےایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ اتھارٹی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سملی واٹر فلٹریشن پلانٹ اور مین ڈسٹری بیوشن لائن میں لیکیجز ، پرانے اور بوسیدہ پائپوں کو تبدیل کرنے جیسے مسائل کو حل کرتے ہوئے مرمت اور دیکھ بھال کے تمام کاموں کو تیز کریں۔
انہوں نے کہا کہ واٹر سپلائی ونگ کی بروقت مرمت اور دیکھ بھال سے نہ صرف یومیہ 8 لاکھ گیلن پانی کی بچت ہوئی ہے بلکہ پائپ لائنوں میں پانی کا دباؤ بھی بہتر ہوا ہے۔اسی طرح وفاقی دارالحکومت کے مختلف سیکٹرز میں پانی کی سپلائی لائنوں میں پرانے اور خراب پائپوں سے لیکیج سے متعلق شکایات کا ازالہ کرنے سے رہائشیوں کے لیے پانی کی دستیابی میں اضافہ ہو گا۔
اہلکار کا کہنا تھا کہ وفاقی دارالحکومت میں کم بارشوں کے باعث خانپور ڈیم جیسے ڈیموں میں پانی کی سطح وقت کے ساتھ ساتھ کم ہوئی ہے۔ محکمہ واٹر سپلائی گرمیوں کے موسم میں پانی کی قلت کے فرق کو پورا کرنے کے لیے چوبیس گھنٹے انتھک محنت کر رہا ہے، شہریوں کو مناسب پانی کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں اہلکار نے کہا کہ اتھارٹی رہائشیوں کو مزید سہولت فراہم کرنےکیلئے سیکٹر F-10، F-11، G-10، اور G-11 میں چار نئے ٹیوب ویل لگانے جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اقدام کا مقصد خانپور ڈیم میں پانی کی کمی کے ممکنہ ذخائر کو دور کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما کی آمد سے قبل پانی کی قلت پر قابو پانے کے اقدامات کو تیز کرنے کے لیے ٹینڈر پہلے ہی مختلف اخبارات میں شائع ہو چکے ہیں۔