سی ڈی ڈبلیو پی کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن قومی ترقی اور جدیدیت کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، وفاقی وزیر احسن اقبال

56
Federal Minister Ahsan Iqbal
Federal Minister Ahsan Iqbal

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پیپر لیس ماحول کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں، سی ڈی ڈبلیو پی کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن قومی ترقی اور جدیدیت کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، ڈیجیٹلایزیشن حکومتی کارکردگی میں بہتری اور شفافیت کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پہلی پیپر لیس سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پیپرلیس سی ڈی ڈبلیو پی ملک میں ڈیجیٹلایزیشن کی جانب اہم قدم ہے، ہم پیپر لیس ماحول کو فروغ دینے کے لئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن قومی ترقی اور جدیدیت کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے، پیپرلیس ہونا ماحولیاتی تحفظ کی جانب اہم قدم ہے، پیپر لیس اقدامات ماحول دوست ہونے کے ساتھ ساتھ مستحکم ترقی کے لئے ناگزیر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی ڈی ڈبلیو پی کے تمام اجلاس اب سے ڈیجیٹل طریقے سے منعقد ہوں گے، تمام شرکاء اپنے لیپ ٹاپ کے ہمراہ شرکت کو یقینی بنائیں، وزارت منصوبہ بندی کو مکمل ڈیجیٹلائز کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹلائزیشن حکومتی کارکردگی میں بہتری اور شفافیت کے فروغ کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی۔

احسن اقبال نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن سے کاغذی استعمال اور پرنٹنگ کے لئے درکار وسائل میں کمی ہوگی، ڈیجٹیلائزیشن سے حکومتی منصوبوں کی بروقت اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جدید اور ڈیجیٹلائزڈ ریاست بنانے کے لئے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق اہم اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔