راولپنڈی۔8ستمبر (اے پی پی):کرکٹ کے شائقین نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے اٹھارہ سال بعد دورہ پاکستان پر خوش کا اظہار کیا ہے، شائقین مہمان ٹیم کا راولپنڈی اور لاہور میں بھرپور استقبال کرنے کے منتظر ہیں۔
بدھ کو پی سی بی نے پاک نیوزی لینڈ سیریز شروع ہونے سے قبل شائقین کرکٹ کی ایک ویڈیو جاری کی جس میں چاچا کرکٹ محمد جلیل نے اپنے پیغام میں کہا کہ اٹھارہ سال قبل نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو آخری مرتبہ پاکستان میں کھیلتے ہوئے دیکھا تھا، خوشی ہے کہ طویل عرصے بعد دونوں ٹیموں کا حوصلہ بڑھانے کے لئے سٹیڈیم جائوں گا۔
چھوٹا چاچا کرکٹ نے کہا کہ میری عمرتو 61سال ہے مگر کرکٹ سے محبت اور وابستگی اتنی شدید ہے کہ جب بھی کرکٹ کا میچ دیکھتا ہوں یا اس سے متعلق کوئی بھی بات سنتا ہوں تو پر جوش ہو جاتا ہوں اور ایسا لگتا ہے میری عمر اٹھارہ سال ہو گئی ہے۔ کراچی سے تعلق رکھنے والی کرکٹ مداح لیلیٰ رضوی نے کہا کہ اس تاریخی سیریز کے آغاز کی شدت سے منتظر ہوں۔
دل کی گہرائیوں سے قومی ٹیم کو سپورٹ کر رہی ہوں۔ لاہور کے دو ننھے پرستار زہرا اور یزدان نے کہاکہ ہم پاکستان اور نیوزی لینڈ کو کھیلتا دیکھنے کے منتظر ہیں، پانچوں ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ دیکھنے کے لئے قذافی سٹیڈیم لاہور جائیں گے۔ سندھ سے تعلق رکھنے والے ماما کرکٹ نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔
لاہور کے چاچا پاکستانی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا استقبال کرنے کے لئے ایک خصوصی پوسٹر اٹھا کر سٹیڈیم جائوں گا اور سٹینڈ سے نیوزی لینڈ کا جھنڈا بھی بلند کروں گا۔ لاہور کے ہی مسٹر پاکستان نے کہا کہ کرکٹ سے بہت پیار کرتا ہوں اور کسی ایک ٹیم کی حمایت کی بجائے اس سیریز میں لگنے والی ہر بائونڈری، ہر وکٹ اور ہر گیند پر بھرپور داد دوں گا۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے امجد پہلوان نے کہا کہ بابر اعظم کا بہت بڑا فین ہوں اور اپنے فیورٹ کرکٹر کی حوصلہ افزائی کرنے کے لئے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم جائوں گا۔